جمعرات 19 نومبر 2026 - 10:27
بحرین میں علماء کی گرفتاری — جمہوریت اور انسانیت پر ایک سوالیہ نشان

حوزہ/بحرینی آمر حکومت کی جانب سے علماءِ دین کو گرفتار کرنا، پھر انہیں عمر قید کی سزا دینا افسوسناک ہے۔ موجودہ بحرینی حکومت کا امریکہ اور اسرائیل کی خوشامد کی بدولت علماءِ دین کو پابندِ سلاسل کرنا جمہوری اور انسانی قدروں سے بالکل منافی ہے۔

تحریر: عاشق حسین یتو

حوزہ نیوز ایجنسی| بحرینی آمر حکومت کی جانب سے علماءِ دین کو گرفتار کرنا، پھر انہیں عمر قید کی سزا دینا افسوسناک ہے۔ موجودہ بحرینی حکومت کا امریکہ اور اسرائیل کی خوشامد کی بدولت علماءِ دین کو پابندِ سلاسل کرنا جمہوری اور انسانی قدروں سے بالکل منافی ہے۔

دنیا میں ہر قوم اپنے علماء، اپنے دانشوروں اور اپنے رہنماؤں پر فخر کرتی ہے۔ علماء وہ چراغ ہیں جو معاشرے کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتے ہیں۔ وہ نہ بندوق اٹھاتے ہیں، نہ تخت و تاج کی خواہش رکھتے ہیں، ان کا ہتھیار صرف علم، قلم اور زبان ہوتی ہے۔ مگر افسوس! بحرین میں آج انہی چراغوں کو بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بحرینی حکومت نے جن علماء کو گرفتار کر کے عمر قید کی سزائیں سنائی ہیں، ان کا قصور کیا ہے؟ کیا انہوں نے کسی کا خون بہایا؟ کیا انہوں نے ملک کو لوٹا؟ نہیں۔ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے حق بات کہی، مظلوموں کی آواز بلند کی، اور ظلم کے سامنے سر جھکانے سے انکار کر دیا۔ ایک ایسی حکومت جو خود کو جمہوری کہتی ہے، وہ حق گو علماء سے اتنی خوفزدہ کیوں ہے کہ انہیں جیلوں میں بند کر کے ان کی آواز دبانا چاہتی ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ موجودہ بحرینی حکومت اپنی بقا کے لیے امریکہ اور اسرائیل کی خوشامد کو اپنا سہارا سمجھتی ہے۔ وہ ان طاقتوں کو خوش کرنے کے لیے اپنے ہی عوام کی آواز دبا رہی ہے، اپنے ہی علماء کو قید کر رہی ہے، اور اپنے ہی ملک میں خوف کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔ یہ سیاست نہیں، یہ غلامی ہے۔ جو حکومت اپنے عوام سے نہیں، بلکہ بیرونی آقاؤں سے طاقت لیتی ہے، وہ کبھی عوام کی خیرخواہ نہیں ہو سکتی۔

علماء کو پابندِ سلاسل کرنا صرف بحرین کا مسئلہ نہیں ہے، یہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ آج اگر بحرین میں علماء کی زبان بند کی جائے گی، تو کل ہر ملک میں حق بولنے والے کی زبان بند کی جائے گی۔ آج اگر بحرین میں انصاف کا قتل ہوگا، تو کل پوری دنیا میں انصاف شرمندہ ہوگا۔ اس لیے یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں ہے۔

جمہوریت کا مطلب صرف ووٹ ڈالنا نہیں ہوتا، جمہوریت کا مطلب ہے اختلافِ رائے کو برداشت کرنا، حق بات کہنے والے کو تحفظ دینا اور انصاف کو سب کے لیے برابر رکھنا۔ جو حکومت علماء کو عمر قید دیتی ہے، وہ جمہوریت کی نہیں، آمریت کی نمائندگی کرتی ہے۔ جو حکومت انسانی حقوق کے دعوے کر کے انسانی قدروں کو پامال کرتی ہے، وہ دنیا کی نظروں میں کبھی سرخرو نہیں ہو سکتی۔

ہم بحرینی حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار علماءِ دین کو فی الفور رہا کیا جائے، ان پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں اور بحرین کے عوام کو ان کے بنیادی انسانی، مذہبی اور جمہوری حقوق دیے جائیں۔ ہم عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور تمام انصاف پسند انسانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بحرین کے مظلوم علماء کی آواز بنیں۔ خاموشی ظالم کا ساتھ دینے کے برابر ہے۔

علماء کی گرفتاری سے حق کی آواز دب نہیں سکتی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن علماء کو جیلوں میں ڈالا گیا، وہی بعد میں قوموں کے امام بنے۔ جیل کی دیواریں جسم کو قید کر سکتی ہیں، فکر کو قید نہیں کر سکتیں۔ بحرین کے علماء آج جیل میں ہیں، مگر ان کا پیغام آج بھی زندہ ہے اور کل بھی زندہ رہے گا۔

ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب بحرینی علماءِ دین کی دعا بابِ اجابت سے ٹکرائے گی تو بحرین کی یہ امریکی و اسرائیلی کٹھ پتلی حکومت کا تختہ پلٹ جائے گا۔ ہر سو امن و امان کا چراغ پھر سے طلوع ہوگا، اور بحرین کے مظلوم عوام اس مغرور شاہی خاندانی ظالم حکومت سے چھٹکارا پائیں گے۔

> ظلم کی رات کتنی بھی لمبی سہی،

> صبحِ آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا

اللہ تعالیٰ مظلوم علماء کی حفاظت فرمائے، انہیں ثابت قدمی عطا کرے اور بحرین کے عوام کو ظلم و ستم سے نجات دے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha